وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تمام شعبوں میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مارکو روبیو کو پہلگام واقعے کے بعد حالیہ پیشرفت پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اہم رہا ہےدہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی جبکہ 152 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کیا۔
وزیراعظم نے بھارت کے بڑھتے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی دہشتگردی کو شکست دینے کی کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا۔
وزیراعظم نے حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف، قابل اعتماد اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا اور موجودہ صورتحال میں امریکہ سے بھارت پر دباؤ ڈالنے پر زور دیا تاکہ بھارت ایسے اشتعال انگیز رویے کے بجائے ذمہ داری سے کام لے۔