وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، اگلے 2 سے 4 دن بہت اہم ہیں، ہماری سلامتی کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نےسماء ٹی وی کے معروف پروگرام ریڈ لائن ود طلعت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں نیوکلیئر حملے کی دھمکی دیتا ہے تو ہمارے پاس جواب کے سوا آپشن نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آل آؤٹ وار کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب بھی واقعات ہوتے ہیں بھارت میں الیکشن ہورہے ہوتے ہیں۔ ہماری تیاری مکمل ہے، ہمارے بارڈر، پانی، فضا اور زمین کور ہے۔پہلگام واقعے کا 10 منٹ بعد ہی مقدمہ درج ہوگیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہم دنیا کو اپنا مؤقف بتارہے ہیں چین نے تاریخی طور پر پاکستان کو سپورٹ کیا ہے اور مسئلہ کشمیر میں چین بھی اسٹیک ہولڈر ہے۔ کشمیر کا ایک حصہ چین کے پاس بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سے بہت سے ممالک نے رابطہ کیا ہے دنیا کو پتا ہے کہ پاکستان اور بھارت نیوکلیئر طاقتیں ہیں، خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نہ نکل جائیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت میں جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ ڈرامہ الیکشن کی وجہ سے کیا جارہا ہے بھارت میں الیکشن ہیں اور یہ سارا ڈرامہ الیکشن کی وجہ سے ہے بھارت کسی نہ کسی جارحیت پر تُلا ہوا ہے جو صورتحال 4،5 دن پہلے تھی اب بھی ویسی ہی ہے، بہتری نہیں آئی۔