بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 سے نکال دیا گیا ہے۔
پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ انڈین پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ میں نظر آئیں گی جس کی تصدیق اداکار ناصر چنیوٹی نے بھی کی تھی لیکن پہلگام حملے کے بعد فلم مشکلات کا شکار نظرآتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہانیہ عامر کی دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم کو مؤخر کردیا گیا ہے کیونکہ فلم انڈسٹری کے فنکاروں کی تنظیم ’فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز‘ نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب ’سردار جی 3‘ سے ہانیہ کے فلمائے گئے تمام مناظر نکال دیئے جائیں گے اور ان کا کردار کسی اور اداکارہ کے ساتھ دوبارہ فلمایا جائے گا جو کہ ایک مشکل مرحلہ ہے کیونکہ فلم کی شوٹنگ پہلے ہی مکمل ہو چکی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی ایک جیسی انسٹا اسٹویز بھی سامنے آئی تھیں جس سے صارفین نے اندازہ لگایا کہ دونوں فنکار ساتھ کوئی پراجیکٹ کررہے ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ فلم سردار جی 3، جو بھارتی پنجابی سنیما کی مشہور فرنچائز کا تسلسل ہے، اس کی کاسٹ اور کہانی کو پروڈیوسر نے خفیہ رکھا ہوا ہے۔