وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھارت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی بند کیا تو اسے جنگ کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "غوری، غزنوی اور شاہین میزائل چوک چوراہوں میں سجاوٹ کے لیے نہیں بنائے، ہمارے تمام میزائلوں کا رخ بھارت کی جانب ہے۔"
حنیف عباسی نے کہا کہ پہلگام بس حملہ ایک بہانہ ہے، بھارت کا اصل ہدف سندھ طاس معاہدہ ہے، جو پاکستان کے پانی کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے ہمارا پانی بند کیا تو ہم اس کا سانس بند کردیں گے، پاکستان کو ڈرانے کی کوشش نہ کی جائے،کیونکہ یہ ڈرنے والا ملک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے سرحد پار کی تو پاکستانی افواج بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی مس ایڈونچر کے سنگین نتائج ہوں گے۔
وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ پاکستان ریلوے کو مسلح افواج کے مکمل اختیار میں دے دیا گیا ہے، جب بھی ضرورت ہو پاک افواج ریلوے کو ہتھیاروں کی ترسیل یا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور اس کے میزائل ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
حنیف عباسی نے بھارت کے حالیہ اقدامات کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور واہگہ یا اٹاری بارڈر پر کشیدگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کو یقینی بنائے کیونکہ اس کی خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے خطرناک ہوگی۔