مقبوضہ کشمیر میں سیاحتی مقام پر ہونے والے مہلک حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہونے کی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات خود ہی طے کر لیں گے۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخی تنازع رہا ہے، اور وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتے ہیں۔ ایک سوال کیا گیا کہ وہ ان رہنماؤں سے رابطہ کریں گے، تو ٹرمپ نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے معاملہ طے کر لیں گے پاکستان اور بھارت کے درمیان زبردست کشیدگی ہے، لیکن ایسا ہمیشہ سے رہا ہے۔
خیال رہے کہ منگل کو کشمیر کے ایک میدان میں فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، بھارت نے حسب روایت اس حملے میں پاکستانی عناصر کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے تاہم پاکستان نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ کشمیر کے تنازع پر بھارت اور پاکستان دو جنگیں لڑ چکے ہیں حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔بھارت نے ایک اہم پانی کے معاہدے کو معطل کر دیا ہے جبکہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں تجارتی تعلقات بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں۔جمعہ کو بھارتی اسٹاک مارکیٹس میں تناؤ کے باعث شدید گراوٹ دیکھی گئی۔