نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے پاکستان پر پہلا وار کیا۔ پانی ہماری لائف لائن ہے۔ بھارتی آبی جارحیت اعلان جنگ تصور ہوگی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کےدوران وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے بھارت کی پاکستان کے ذریعے تمام ترتجارت اور تمام بھارتی ائیرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں۔ کسی کو ایڈونچر کا شوق ہو تو یاد رکھے ماضی جیسا جواب ملے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے پاکستان پر پہلا وار کیا گیا، یہ ایک معاہدہ ہے،یکطرفہ طور پر ختم نہیں ہوسکتا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کردیا کہ یہ قابل قبول نہیں، پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، یہ اقدام اعلان جنگ تصور ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ’’جیسے کو تیسا‘‘ طرز پر جواب دیا، ہم نے بھارت کی پاکستان کے ذریعے تجارت بند کردی، بھارت کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی ہیں، کسی کو ایڈونچرزم کی خام خیالی ہے تو وہ بھول جائے۔ اب بھی ویسے ہی جواب ملے گا جیسے ماضی میں ملا تھا۔