پاکستانی اداکار فواد خان نو سال کے طویل عرصے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی کیلئے تیار تھے، ان کی فلم ’’عبیر گلال‘‘ کی ریلیز کی تیاریاں جاری تھیں، پہلگام میں ہونیوالے المناک دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں بھارت میں پابندی کا شکار ہوگئی اور اب اس کے گانے بھی یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیئے گئے ہیں۔
بالی ووڈ فلم میں فواد خان کے ساتھ خوبرو اداکارہ وانی کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم کے دونوں گانے پروڈکشن ہاؤس ’’آ رِچر لینس انٹرٹینمنٹ‘‘ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب تھے تاہم اب انہیں چینل سے ہٹادیا گیا ہے۔ ان گانوں میں ایک رومانوی نغمہ ’’خدایا عشق‘‘ اور ایک ڈانس نمبر ’’انگریزی رنگ رسیا‘‘ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عبیر گلال کے دونوں گانے ’’سا رے گاما‘‘ کے یوٹیوب ہینڈل سے بھی ہٹا دیے گئے ہیں حالانکہ سا رے گاما کے پاس اس فلم کی موسیقی کے باضابطہ حقوق موجود ہیں۔
یاد رہے کہ فلم ’’عبیر گلال‘‘ کی عالمی سطح پر ریلیز کی تاریخ 9 مئی مقرر تھی لیکن پہلگام حملے کے بعد بھارت میں فلم پر پابندی اور اب گانوں کے یوٹیوب سے ہٹائے جانے کے بعد فلم کے مستقبل کی صورتحال غیر واضح ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو دہشتگردوں نے پہلگام میں سیاحوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 25 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے اور متعدد زخمی ہیں۔
واقعے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے بلاثبوت ہمیشہ کی طرح فوراً پاکستان پر الزامات عائد کردیے گئے، بھارت نے صرف پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی ہی نہیں کی بلکہ پاکستانیوں کو اپنے ملک سے نکل جانے اور سندھ طاس معاہدے توڑنے سمیت کئی اقدامات کا اعلان بھی کیا۔
دوسری جانب پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ اپنے تمام معاہدے معطل اور اپنی زمینی اور فضائی حدود بھارتی پروازوں اور تجارت کیلئے بند کردی۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ 2014ء میں فلم خوبصورت سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور پھر وہ کپور اینڈ سنز (2016) اور اے دل ہے مشکل (2016) جیسی کامیاب فلموں میں بھی نظر آئے تھے۔
تاہم سال 2019ء کے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کام کرنیوالے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی گئی جوکہ 2023ء میں بظاہر ختم کردی گئی تھی لیکن عملاً اب بھی برقرار ہے۔