پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 71 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کےلئے مذاکرات کل سے شروع ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن دو ہفتوں کے لئے آج رات پاکستان پہنچے گا۔ آئی ایم ایف ٹیم کو وزارت خزانہ حکام کی جانب سے ٹیکس اصلاحات، گردشی قرضے پر قابو پانے سمیت توانائی شعبے میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق تکنیکی مذاکرات میں ڈیٹا کا تبادلہ ہوگا، پھر پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے، وزارت خزانہ، ایف بی آر، وزارت توانائی اور پٹرولیم کے حکام بریفنگ دیں گے۔ اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کو شرح سود اور ایکسچینج ریٹ پالیسی پر بریفنگ دے گا۔
آئی ایم ایف کو بیرونی فنانسنگ کے اہداف میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، سرکاری اداروں کے نقصانات میں کمی کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب اقتصادی جائزہ مکمل ہونے پر 71 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی۔