ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے اور 33 رنز سے شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچری بنائی جبکہ سیم بلنگز نے 43 رنز کی اننگ کھیلی ۔ ان کے علاوہ فخر زمان 32 ، عبداللہ شفیق 18 ، ڈیرل مچل 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 3 ، مچل بریسویل اور اسامہ میر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیوڈ ولی اور جوش لٹل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے جس میں یاسر خان نے اوپننگ پر آکر لاہور قلندرز کے باولرز کا بھرکس نکال دیا اور 44 گیندوں پر 87 رنز بنائے ۔
افتخار احمد نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ عثمان خان نے 39 اور کپتان محمد رضوان نے 32 رنز بنائے ۔
لاہور قلندرز کی جانب سے باولنگ کا انتہائی ناقص مظاہرہ دیکھنے کو ملا شاہین شاہ آفریدی نے چار اوورز میں 43 رنز دیتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ آصف آفریدی نے کچھ بہتری کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی تاہم 26 رنز دیئے ۔راشد حسین نے 4 اوورز دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ ان کے علاوہ ایک وکٹ سکندر رضان نے حاصل کی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہناتھا کہ فریش پچ ہے اس وجہ سے پہلے بیٹنگ کررہے ہیں، ملتان سلطانز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، یاسرخان اور جوش لٹل ملتان کو ٹیم میں شامل کیا گیاہے ۔ ہماری ٹیم کو فیلڈنگ میں مشکل آرہی ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہناتھا کہ یہی سوچ رہے تھے ٹاس ہار بھی گئے تو کوئی مسئلہ نہیں، ابھی ٹورنامنٹ کا اسٹارٹ ہے، اچھا پرفارم کریں گے۔






















