یوسف رضاگیلانی نے صدرکےخطاب پربحث ایوان کے تین سیشنز میں مکمل کرنے کی رولنگ دے دی۔
اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر مملکت کے خطاب پر بحث کے لیے تین سیشنز کے اندر کارروائی مکمل کرنے کی رولنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی کردہ نشست پر تاحال انتخابات نہ ہونے پر اعتراض اٹھایا اور چیئرمین سے رولنگ کا مطالبہ کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ثانیہ نشتر کا استعفیٰ منظور کر کے نوٹیفائی کیا جا چکا ہے اور خالی نشست کی اطلاع الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فراہم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سینیٹ کے دائرہ اختیار میں انتخابات کروانا شامل نہیں، بلکہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی پر جب حاضری پوری نہ نکلی تو چیئرمین نے سینیٹ اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔