تقریباً ایک ہفتہ قبل ہونڈائی نشاط نے پاکستان میں چوتھی جنریشن کی ٹوسان ہائبرڈ کی پہلی جھلک پیش کی، جس میں اس کے ڈیزائن، کارکردگی اور خصوصیات کے بارے میں بہت کم معلومات فراہم کی گئیں۔ اس وقت کمپنی نے ایس یو وی کی قیمت، بکنگ اور ڈیلیوری کی تفصیلات کا اعلان کیا تھا اور بکنگ آرڈرز بھی وصول کرنا شروع کر دیے تھے۔
اب، ایک آفیشل سوشل میڈیا اعلان میں ہونڈائی نے ٹوسان ہائبرڈ کے مقامی لانچ کی تصدیق کردی ہے اور اسے پانچویں جنریشن کی ’کیا‘ اسپورٹیج ہائبرڈ اور ہیول پی ایچ او وی کا مضبوط حریف قرار دیا ہے۔
بکنگ کی تفصیلات
جزوی ادائیگی: آپ ٹوسان ہائبرڈ کو 22 لاکھ روپے کی ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ بکنگ کراسکتے ہیں، تاہم اس پلان کے تحت ڈیلیوریز جولائی 2025ء کیلئے شیڈول ہیں۔
مکمل ادائیگی کا انتخاب ڈیلیوری کے وقت کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ قیمت کو لاک کرنے کا فائدہ بھی فراہم کرتا ہے، مکمل ادائیگی کے ساتھ بک کی گئی گاڑیاں مئی 2025ء تک ڈیلیور ہونے کی توقع ہے۔
ڈیلیوری کی تفصیل
جو صارفین جزوی ادائیگی کے ذریعے اپنی ٹوسان ہائبرڈ بک کرتے ہیں، انہیں گاڑی کی ڈیلیوری کیلئے جولائی 2025ء تک انتظار کرنا پڑے گا، اس طویل انتظار کی وجہ بڑھتی ہوئی طلب اور مرحلہ وار پیداوار کا شیڈول ہے۔
مکمل ادائیگی کے ساتھ بکنگ: وہ صارفین جو مکمل ادائیگی پہلے سے کر دیتے ہیں، انہیں بہت جلد ڈیلیوری کا فائدہ ملتا ہے، جس کی توقع مئی 2025ء میں ہے۔ یہ راستہ ان خریداروں کیلئے زیادہ پرکشش ہے جو جلد از جلد گاڑی چلانا چاہتے ہیں۔
ڈیلرشپ پر گاڑی کی دستیابی
اگرچہ بکنگز شروع ہوچکی ہیں، لیکن ٹوسان ہائبرڈ مئی 2025ء تک ڈیلرشپ پر نمائش کیلئے دستیاب نہیں ہوگی، لہٰذا اگر آپ ذاتی طور پر گاڑی دیکھنے کے خواہشمند ہیں تو آپ کو کچھ عرصہ انتظار کرنا پڑے گا۔ پاکستان میں کسی بھی مقام پر ہوں، فریٹ چارج پورے ملک میں یکساں طور پر 40 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔