عالمی تنازعات کے باعث عالمی دفاعی اخراجات میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا، امریکا کا دفاعی بجٹ ایک ہزار ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا، واشنگٹن کے دفاعی اخراجات بیجنگ کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہیں، جرمنی اور برطانیہ پہلی بار سعودی عرب اور بھارت سے زیادہ دفاع پر خرچ کرنے لگے، یورپی دفاعی بجٹ ایک سال میں 11.7 فیصد بڑھ گیا۔
عالمی تنازعات اور نئی جنگوں کے خدشات کے باعث گلوبل ڈیفینس بجٹ میں ہوشروبا اضافہ ہوگیا، امریکا کا دفاعی بجٹ ایک ہزار ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا۔
دی اسپیکٹیٹر انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے 2024ء میں دفاع پر 968 ارب ڈالر خرچ کیے، یہ دوسرے نمبر پر موجود چین کے دفاعی بجٹ سے 4 گنا زیادہ ہے۔ چین نے 235 ارب ڈالر اور روس نے 145 ارب ڈالر دفاع کی مد میں خرچ کیے۔
رپورٹ کے مطابق جرمنی اور برطانیہ نے پہلی بار بھارت اور سعودی عرب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، نیٹو رکن ہونے کے باوجود جرمنی نے 86 ارب ڈالراور برطانیہ نے 81 ارب ڈالر دفاع پر لگا دیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی دفاعی اخراجات گزشتہ سال 2 ہزار 460 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جو 2023ء کی نسبت 7.4 فیصد زیادہ ہیں، یورپی دفاعی بجٹ میں سب سے زیادہ 11.7 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
صدر ٹرمپ نیٹو ممالک سے مسلسل دفاعی اخراجات میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔