صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کے یومِ وفات کے موقع پر اپنے پیغامات میں مصور پاکستان کے افکار ، فلسفہ ، اور شاعری کو مشعل راہ بنانے پر زور دیا ۔ ان کی سیاسی اور فکری خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا علامہ اقبال محض ایک شاعر ہی نہیں بلکہ ایک مفکر اور مصلح بھی تھے ۔ ہمیں اپنی انفرادی و قومی زندگی میں پیغامِ اقبال پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ اقبال کے نزدیک ، امتِ مسلمہ کی نجات صرف سیاسی آزادی میں نہیں بلکہ فکری و روحانی بیداری میں مضمر ہے ۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آئیے عہد کریں کہ علامہ اقبال کی تعلیمات اور فکر پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں گے جہاں تمام شہریوں کو آزادی ، سماجی و معاشی انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا آج پاکستان کو سماجی تقسیم اور عالمی چیلنجز کا سامنا ہے ایسے میں اقبال کی تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں ۔ علامہ اقبال کے نزدیک نوجوان ہی وہ طاقت ہیں جو قوموں کو زوال سے نکال کر عروج پر پہنچا سکتے ہیں۔
آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے پیغام کو سمجھیں، جدید علوم حاصل کریں، اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ یہی وہ پیغام ہے جو ہمارے نوجوانوں کو ہر میدان میں کامیابی کی طرف لے جا سکتا ہے ۔