فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے محصولات کے مقررہ ہدف تک رسائی کیلئے اپنے تمام دفاتر میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملک بھر کے تمام چیف کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفاتر میں ہفتے کے روز بھی کام کو معمول کے مطابق جاری رکھیں، یہ اقدام مالی سال 2024-25ء کیلئے محصولات کی وصولی کی بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹیکس اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق یہ پالیسی 30 جون 2025ء تک نافذ العمل رہے گی اور اس دوران تمام دفاتر میں سرکاری اوقات کار کی سختی سے پابندی لازمی ہوگی۔ ایف بی آر نے تمام دفاتر پر زور دیا ہے کہ وہ ریونیو بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائیں اور کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھیں۔
حال ہی میں آئی ایم ایف نے پاکستان کو رواں مالی سال کیلئے ٹیکس ہدف 12,970 ارب روپے سے کم کرکے 12,370 ارب روپے کرنے کی اجازت دی تھی، تاہم ایف بی آر کو اب بھی مالی دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ مالی سال 2024-25ء کے ابتدائی 9 ماہ میں ٹیکس شارٹ فال 700 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔