مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے ایک حاملہ خاتون اور اس بچے کی زندگی بچا کر سب کو حیران کر دیا جبکہ یہ حیرت انگیز واقعہ امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے علاقے شیرولیٹ میں پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق فوٹوگرافر نتالیہ ٹیرین جس کے حمل کو آٹھ ماہ ہو چکے تھے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تفریحاً چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا کہ میرے جبڑے سخت کیوں محسوس ہو رہے ہیں؟ انہیں یہ علامت معمولی لگی لیکن چیٹ بوٹ نے اصرار کیا کہ وہ اپنا بلڈ پریشر چیک کریں۔
نتالیہ نے جب بلڈ پریشر چیک کیا تو وہ خطرناک حد تک بلند تھا۔
انہوں نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ میں نے سوچا کہ بلڈ پریشر کچھ دیر میں کم ہو جائے گا لیکن وہ مسلسل بڑھتا گیا۔
چیٹ جی پی ٹی نے فوری ایمبولینس طلب کرنے کا مشورہ دیا اور ابتدا میں نتالیہ نے اسے نظر انداز کرنے کا سوچا کیونکہ انہیں سر چکرانے جیسا کوئی سنگین مسئلہ نہیں تھا لیکن خوش قسمتی سے انہوں نے مشورہ مان لیا۔
اسپتال پہنچنے پر ان کا بلڈ پریشر 200/146 تک جا پہنچا تھا۔
ڈاکٹروں نے فوری معائنہ کیا اور بتایا کہ بچے کی پیدائش کے لیے ہنگامی آپریشن ناگزیر ہے۔
آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ اگر نتالیہ اس رات سونے چلی جاتیں تو وہ اور ان کا بچہ شاید کبھی نہ بچ پاتے۔
بچے کی پیدائش کے پانچ دن بعد بھی نتالیہ کا بلڈ پریشر بلند رہا اور ایک موقع پر وہ عارضی طور پر بینائی سے بھی محروم ہو گئیں۔
اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، اور وہ چیٹ جی پی ٹی کی شکر گزار ہیں جس کے بروقت مشورے نے ان کی اور ان کے بچے کی جان بچائی۔