وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک، امریکا تعلقات کی مضبوطی خطے میں استحکام اور عالمی امن کیلئے نہایت اہم ہے۔
ہفتے کے روز امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن جیک برگمین کی قیادت میں کانگریس وفد نے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی جس کے دوران پاک، امریکہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
احسن اقبال سے ملاقات کرنے والے وفد میں تھامس رچرڈ سوزی، جوناتھن ایل جیکسن اور دیگر سینئر امریکی حکام شامل تھے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری پر گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا پاک ، امریکا تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور ترقی کے عزم پر قائم ہیں، امریکا سے طویل المدتی اور وسیع البنیاد تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں، موجودہ غیر یقینی عالمی ماحول اور بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے تناظر میں باہمی اعتماد اور ترقی پر مبنی شراکت داری کو ازسرنو استوار کرنا ضروری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دو امریکی جنگوں کے اثرات کے باعث پاکستان کو شدید سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ان مسائل میں تین عشروں سے زائد عرصے تک پینتیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کا بوجھ، منشیات اور اسلحے کا پھیلاؤ اور انتہاپسندی کا فروغ شامل ہیں۔
انہوں نے پاک امریکا نالج کوریڈور کو فروغ دینے اور اعلیٰ امریکی جامعات کے پاکستان میں کیمپسز کے قیام پر بھی زور دیا اور یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے نئے سرے سے تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
امریکی وفد نے احسن اقبال کی قیادت اور وژن کی تعریف کی اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع کو سراہا اور نجی شعبے کی شمولیت پر زور دیا۔
وفد نے دو طرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنے اور کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔