سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے دن اضافہ ہوگیا، عالمی مارکیٹ میں فی اونس 18 ڈالر اور مقامی مارکیٹ میں فی تولہ 1800 روپے مہنگا ہوگیا۔
امریکا اور چین کی ٹیرف جنگ نے سونے کی عالمی و مقامی قیمتوں کو پر لگادیئے، سونا مزید مہنگا ہوکر عالمی و مقامی سطح پر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونا 1800 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 40 ہزار 600 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جبکہ 10 گرام سونے کے نرخ 1543 روپے اضافے سے 2 لاکھ 92 ہزار 9 روپے پر جا پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی فی اونس سونا مزید 18 ڈالر مہنگا ہوکر 3236 ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں تین روز کے دوران مجموعی طور پر 19 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔