چینی صدر ژی جن پنگ کا کہنا ہے کہ ٹیرف کی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، چین کی ترقی کو خود انحصاری اور سخت محنت سے تقویت ملی، امریکا کی جانب سے دنیا کیخلاف کھڑے ہونے کا نتیجہ اچھا نہیں آئے گا۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکا کی جانب سے ٹیرف کے نفاذ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی ترقی کو خود انحصاری اور سخت محنت سے تقویت ملی، چین کبھی بھی دوسروں کے احسانات پر انحصار نہیں کرتا، ٹیرف کی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا۔
چینی صدر کا امریکی اقدام کو غنڈہ گردی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ یورپی یونین مفادات کے تحفظ کیلئے غنڈہ گردی کیخلاف مزاحمت کرے، دنیا کیخلاف کھڑے ہونے کا نتیجہ اچھا نہیں آئیگا۔
شی جن پنگ نے واضح کیا کہ عالمی تبدیلی کے باوجود چین ثابت قدم رہے گا، امریکا یکطرفہ تجارتی پابندیاں لگاکر خود کو الگ کررہا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ چینی درآمدات پر ٹیرف 145 فیصد کر دیا ہے، یہ 125 فیصد نیا ٹیرف پہلے سے موجود 20 فیصد ٹیرف کے علاوہ ہے جس کے بعد مجموعی شرح 145 فیصد بن جاتی ہے۔
چین نے امریکا کی جانب سے ٹیرف 145 فیصد تک بڑھانے کے ردعمل میں کہا کہ وہ بھی امریکی اشیاء پر ٹیرف 125 فیصد تک بڑھا دے گا۔
امریکا میں چینی سفارتخانے کے ترجمان لیو پینگیو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، اگر امریکا واقعی بات چیت کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنا متضاد اور تباہ کن رویہ بند کرنا چاہیے، چین امریکا کے دباؤ کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا۔
دوسری جانب جاپانی وزیراعظم نے تجارتی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے جو آئندہ ہفتے امریکا کا دورہ کرے گی۔ تائیوان نے بھی جلد واشنگٹن کا دورہ کرنے اور تجارتی مذاکرات کے باقاعدہ آغاز کا کہا ہے۔