وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس کے دارالحکومت منسک پہنچ گئے ہیں اور ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔
بیلاروس کے وزیراعظم الیگزینڈر تورچن نے منسک ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ایئرپورٹ پر پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی شہباز شریف کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
وفد میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے منسک کے وکٹری اسکوائر کا دورہ کیا اور دوسری عالمی جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کی یادگار پر پھول چڑھائے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بیلاروس کی سرد ہواؤں میں ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا اور روایتی طور پر انہیں نمک اور روٹی پیش کی گئی جو بیلاروس کی قدیم روایت کا حصہ ہے۔
شہباز شریف اپنے اس دورے میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔