خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرل سمیت صوبے کے حقوق کوئی مجھ سے نہیں لے جا سکتا اگر لے گا تو میری لاش پر سے گذرے گا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کے جرگہ ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے میں معدنیات کے شعبے میں اصلاحات لانے کے لئے مائنز اینڈ منرل بل خیبر پختونخوا اسمبلی لایا گیا ہے اگر اس میں کوئی زہر ہے بھی تو اسے نکال لیا جائے گا۔
صوبائی مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرل بل اصلاحات کے لئے ہے ، صوبے کے حقوق میری لاش پر سے گذر کر کوئی لے جاسکے گا، ایک طرف وزیر اعلی این ایف سی اور تمباکو کو چیلنج کررہا ہے ، بجلی بقایاجات کے لئے پریس کانفرنس کر رہا ہے ، کیا وہ معدنیات کا اختیار کسی کو دے گا؟۔
مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی معشیت کو تباہی پر پہنچایا ہے ، 3 سالوں میں پاکستان میں سب سے کم گروتھ ہوئی ہے، اب تک آئی ایم ایف سے 4 پروگرام لئے گئے، 2025 میں غربت بڑھ کر 40.5 فیصد ہوگئی، پاکستان کی 50 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے چلی گئی اور بیروزگاری کی وجہ سے 1 کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2022 میں 8 لاکھ 32 ہزار لوگ بیرون ملک روزگار کیلئے گئے، 2023 میں 8 لاکھ 62 ہزار لوگ پاکستان سے گئے، 2024 میں 9 لاکھ 76 ہزار لوگ پاکستان چھوڑ کر باہر چلے گئے اور 1947 کے بعد پاکستان سے یہ سب سے بڑی ہجرت ہوئی۔