سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی مکمل ڈیجٹلائزیشن کی جانب ایک اور قدم اٹھالیا، 25 مارچ سے سندھ میں آن لائن فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراء اور درخواستوں کی سہولت کا آغاز ہوگیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھالیا، 25 مارچ سے صوبہ بھر آن لائن فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراء اور درخواستوں کی سہولت کا آغاز ہوگیا۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کراچی میں دو نئے فٹنس سینٹر بنائے گئے ہیں، ضلع ملیر میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل اور کورنگی ابراہیم حیدری میں کمرشل گاڑیوں کی فزیکل جانچ ہوگی، جدید آلات سے آراستہ ان مراکز پر ماہر تکنیکی ٹیمیں گاڑیوں کا معائنہ کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معائنہ کے بعد موٹر وہیکل انسپکٹرز (ایم وی آئیز) فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہیں، دونوں مراکز پر کل 63 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، 30 کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے، 33 گاڑیوں کو نااہل قرار دیکر سی ایف ایکس سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ آن لائن سسٹم سے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کا اجراء شفاف اور قابلِ اعتبار ہوچکا ہے، دوسرے مرحلے میں یہ مراکز کراچی سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی قائم کیے جائیں گے، پورے سندھ میں اس سہولت کو عام کیا جا سکے گا۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت جدید سیکیورٹی فیچرز کے ذریعے اب کسی بھی گاڑی کی تصدیق موقع پر ممکن ہوگئی ہے۔



















