پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیرِ اعظم شہباز شریف تھے، تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔
تقریب میں وفاقی وزراء اور وزرائے اعلیٰ کی بھی شریک ہوئے، وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کیا ۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت پر تمام ملکی اور غیر ملکی مندوبین کا خیر مقدم بھی کیا۔ وزیرِ اعظم نے امریکہ ، چین اور یورپ سمیت تمام ممالک کے اہم سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت بھی دی۔
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 ء کا انعقاد پاکستان میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اجلاس میں امریکہ، چین، سعودی عرب، روس اور دیگر ممالک کے مندوبین نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تقریب کے موقع پر معدنیات کے حوالے سے نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا ۔نمائش میں مختلف اعلیٰ اقسام کی معدنیات کے نمونے رکھے گئے تھے ۔غیر ملکی سر مایہ کاروں اور مندوبین نے نمائش میں رکھی معدنیات کو بھرپور سراہا۔
فورم سے صدر اور سی ای او بیرک گولڈ مارک بریسٹو نے بھی خطاب کیا جس میں ان کا کہناتھا کہ پاکستان معدنی وسائل کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے، معدنیات کا حصول صنعت کے لیے بہت ضروری ہے، مستقبل میں معدنی وسائل ہی ترقی کا ذریعہ ہیں، معدنی وسائل کے ذخائر کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی کے لیے اہم کرادار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر پاکستان کے مختلف اداروں اور غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان ایم او یوز کا تبادلہ بھی ہوا، معدنی وسائل کی تلاش اور جیو سائنٹفک ریسرچ کے لیے پاکستان اور چائنہ جیولوجیکل سروے کے درمیان معاہدہ طے پایا۔
اس کے ساتھ پاکستان اور روسی کمپنی، ڈجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان بھی معاہدہ طے پایا۔ پاکستان کو معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے لیے خطے کا نیا تجارتی اور معاشی مرکز قرار دیا گیا