راولپنڈی پولیس کے 2 اہلکار شہریوں کو ہنی ٹریپ کرنے میں ملوث نکلے، تھانہ سنگجانی پولیس اسلام آباد نے اہلکاروں سمیت 4 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق نادیہ نامی خاتون نے کوہاٹ کے شہری مزائن کو دوستی کا جھانسہ دے کر ملنے کیلئے اسلام آباد بلایا۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ اپنے دوست سید ملوک کے ہمراہ 29 مارچ کی رات اسلام آباد پہنچا۔
متن کے مطابق سرائے خربوزہ اسٹاپ پر نادیہ سے ملاقات کے وقت پنجاب پولیس کے اہلکار بھی آگئے۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں زاہد عثمان، آفاق طارق اور ان کے ساتھی نے اسلحہ تان کر لوٹ مار کی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مدعی سے موبائل فون اور نقدی چھیننے کے بعد ایک کروڑ روپے تاوان مانگا، تاوان کی رقم منگوانے کیلئے ملزمان جی ٹی روڈ پر گاڑی میں گھماتے رہے۔
مدعی مقدمہ کا مزید کہنا ہے کہ تھانہ سنگجانی پولیس کے ناکے کی وجہ سے ملزمان انہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے، اسلام پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔