انٹربینک مارکیٹ میں آج ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.05 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے روپیہ 13 پیسے کی بہتری سے 280.60 روپے پر جاپہنچا۔ منگل کو ڈالر 280.73 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر بدھ کو امریکی ڈالر نے محفوظ کرنسیوں ین اور سوئس فرانک کے مقابلے میں اپنی قدر کھو دی، کیونکہ امریکہ کی جانب سے چین پر 104فیصد ٹیرف کے نفاذ نے چینی یوآن کو ریکارڈ کم سطح پر لے آیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نے بیجنگ پر الزام عائد کیا کہ وہ محصولات کو پورا کرنے کے لئے یوآن میں ہیرا پھیری کررہا ہے۔ امریکی ڈالر نے یوآن آف شور کے مقابلے میں 7.4288 کی بلند ترین سطح کو عبور کرلیا ہے۔ جو پہلے کی بلند ترین سطح 7.3765 سے زیادہ ہے۔
امریکہ میں ممکنہ اقتصادی سست روی کے خدشات کی وجہ سے ڈالر پر دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ مارکیٹیں فیڈرل ریزرو سے مزید شرح سود میں کمی کی توقعات کی جانب واپس جارہی ہیں۔