وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے بغیر یہ حکومت نہیں چل سکتی۔
کراچی میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کینالز کا معاملہ صرف سندھ تک محدود نہیں بلکہ یہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کا مسئلہ ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے واضح اعلان کریں کہ وفاق اس منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا اور اگر وزیراعظم اعلان نہ بھی کریں، تب بھی ہم سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ صدر آصف زرداری نے چولستان کینال کی منظوری نہیں دی تھی اور ان کے مطابق صدر سے ملاقات کا بہانہ بنا کر منصوبے کی منظوری کا دعویٰ کیا گیا جبکہ صدر کے ساتھ اجلاس میں صرف اضافی زمین کو آباد کرنے کی بات ہوئی تھی اور صدر زرداری نے اس موقع پر کہا تھا کہ اگر صوبوں کو اعتراض نہ ہو تو منصوبہ آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صدر کے پاس کسی منصوبے کی منظوری کا آئینی اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اجلاس کے منٹس غلط طریقے سے ترتیب دیے گئے اور اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایک ملاقات کے بعد کینال بنایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مفاد کے تحفظ کے لئے ہر حد تک جائیں گے اور دریائے سندھ ہماری زندگی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کو ہماری بات ماننی پڑے گی، کیا ہم ایک اور الیکشن کے متحمل ہوسکتے ہیں؟ اگر پارٹی کو لگے گا کوئی اور متبادل نہیں تو پھر یہی متبادل ہوسکتا ہے۔