الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نےفلسطینی طلبہ وطالبات کے ساتھ عیدالفطر منانےکا اہتمام کیا اس سلسلے میں ایک میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صد رالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن تھے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کی تباہی کے بعد وہاں کے طلبہ کا تعلیمی سلسلہ رک گیا جس پر الخدمت فاؤنڈیشن نے ان طلبا و طالبات کو پاکستان لا کر انہیں اسکالرشپ فراہم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں الخدمت نے قومی سطح کی معیاری یونیورسٹیز سے معاہدے کئے اور طلبہ کے لیے رہائش، فوڈ، میڈیکل سمیت دیگر ضروریات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبہ کی میزبانی پاکستان قوم کے لیے فخر اور اعزاز کا باعث ہے، ہم نے جس یونیورسٹی سے رابطہ کیا انہوں نے اپنے دروازے اور دل کشادہ کئےاور الخدمت کے اشتراک سے ان بچوں کو اسکالرشپ فراہم کی۔