آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، افغان ٹیم کی ایونٹ میں یہ تیسری فتح ہے، جس کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
ورلڈ کپ 2023ء کے 30ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
افغانستان نے 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں صرف 3 وکٹوں پر بآسانی پورا کرلیا۔
افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد ابراہم زدران اور رحمت شاہ کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ابراہیم 39 اور رحمت 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عظمت اللہ اور حشمت اللہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، حشمت اللہ 58 اور عظمت اللہ 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشناکا نے 2 اور کاسن راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
افغانستان ٹیم 6 میچوں میں تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر پہنچ گئی، افغان ٹیم اس سے قبل انگلینڈ اور پاکستان کو بھی شکست دے چکی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آئی لینڈرز کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نشانکا 46 اور کوشال مینڈس 39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، سدیرا سمارا وکرما 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آئی لینڈرز کے دیگر کھلاڑیوں میں دمتھ کرونا رتنے 15، چارتھ اسالانکا 22، دھننجایا ڈی سلوا 14، اینجلو میتھیوز 23، دشمانتھا چمیرا ایک، مہیش تھکشانا 29 اور کاسن رجیتھا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 4، مجیب الرحمان نے 2، عظمت اللہ اور راشد خان نے ایک ایک شکارکیا۔