اسلام آبادسوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے اور جے ائی ٹی کی تحقیقات کے معاملے میں علیمہ خان جے ائی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں جس دوران ان سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی ۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کرنے والی جے آئی ٹی کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر شیخ وقاص اکرم اور دیگر کو فوری ریلیف نہ مل سکا۔ عدالت نے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئےاکیس اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے ۔
علیمہ خان کو جے آئی ٹی نےآج دوبارہ طلب کیا تھا گزشتہ طلبی پر علیمہ خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئی تھیں ،علیمہ خان کی وکلا ٹیم بھی علیمہ خان کے ساتھ رہی ،ذرائع نے بتایا کہ علیمہ خان سے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بانی پی ٹی آئی کے ذاتی اکاوئنٹ سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی ۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ وقاص اکرم کی درخواست پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس نےسماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پیکا کے تحت الزامات کی تحقیقات کیلئے بننے والی جے آئی ٹی غیرقانونی ہے ۔ عدالت اگر اس کی تشکیل کا نوٹیفکیشن معطل نہیں کرتی تو ہراساں کرنے سے روکا جائے ۔ عدالت نے شیخ وقاص اکرم کو جے آئی ٹی میں پیش ہوکر جواب جمع کروانے کی ہدایت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت اکیس اپریل تک ملتوی کر دی ۔