پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ٹیم سیریز ہاری ہے لیکن کسی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئی۔
ویلنگٹن میں آخری ٹی 20 میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ٹیم کی بولنگ میں کمزوریوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ ایک بولر اچھا پرفارم کرتا ہے تو دوسرا اس سطح پر نہیں کھیل پاتا۔
اظہر محمود نے کہا کہ یہ ایک نئی ٹیم ہے اور کھلاڑیوں کو جلد سیکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیم سیریز کے آخری میچ کو جیت کر 3-2 کے اسکور کے ساتھ واپسی کی کوشش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی بدقسمت رہے ان کی گیندوں پر ٹاپ ایج تو ہوئے لیکن وکٹیں نہ مل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جہاں بیٹرز کو تیز رفتار اور باؤنس والی پچز کا مقابلہ کرنا پڑا جو ماضی کے مقابلے میں اب زیادہ ہے۔
بولنگ کوچ نے یہ بھی بتایا کہ بیٹرز کو سمجھایا گیا کہ تیز گیندوں سے لڑنے کے بجائے ان کا درست استعمال کرنا ہے۔ بولرز کو بھی ہدایت دی گئی کہ یہاں کی پچز کے مطابق لینتھ کو ایڈجسٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ابرار احمد کو اب تک صرف 8 میچز ملے ہیں، جو کہ زیادہ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آخری مقابلہ کل بدھ کو کھیلا جائے گا اور میزبان نیوزی لینڈ کو سیریز میں 3-1 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔