بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر تمیم اقبال کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے، تاہم ڈاکٹرز نے ان کی صحت کے حوالے سے آئندہ 24 گھنٹوں کو اب بھی اہم قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق تمیم اقبال انتہائی نگہداشت کے یونٹ (ICU) میں زیر علاج ہیں، اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان کی حالت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، تمیم نے گزشتہ شب اپنے اہل خانہ کے سہارے ہلکی حرکت بھی کی، جسے ڈاکٹروں اور حکومتی حکام کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، تمیم اقبال کو گزشتہ روز ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا۔ وہ گراؤنڈ میں ہی بے ہوش ہو گئے تھے اور اسپورٹ اسٹاف نے فوری طور پر انہیں CPR دیا، جس کے بعد انہیں ہنگامی بنیادوں پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں ایمرجنسی انجیو پلاسٹی کی گئی، جس کے بعد سے وہ ڈینجر زون سے باہر آ چکے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی پیچیدگی پیش نہ آئی، تو اگلے 24 گھنٹوں میں ان کی صحت مزید بہتر ہو سکتی ہے۔ بنگلہ دیش میں حکومتی سطح پر بھی تمیم اقبال کی صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، اور مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔