کینیڈا میں آزاد خالصتان ریفرنڈم کیلئے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا، برٹش کولمبیا میں گرونانک سنگھ گردوارہ میں ووٹنگ جاری ہے، جس میں ہزاروں افراد کی شرکت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کینیڈا میں آزاد خالصتان ریفرنڈم کیلئے صوبہ برٹش کولمبیا کے گرونانک سنگھ گردوارہ میں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق اس گردوارہ میں ووٹںگ کا یہ دوسرا مرحلہ ہے، 10 ستمبر کو پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35 ہزار ووٹ ڈالے گئے تھے، ریفرنڈم سکھ فار جسٹس کے زیر اہتمام ہورہا ہے جبکہ پنجاب ریفرنڈم کمیشن (پی آر سی) ریفرنڈم کی نگرانی کررہا ہے۔
خالصتان تحریک کے تحت ووٹنگ کا آغاز کینیڈین وقت کے مطابق صبح 9 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے ہزاروں سکھ لائنوں میں موجود ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن گرودوارہ کے عقب میں قائم کیا گیا ہے، پولنگ اسٹیشن میں پنجاب ریفرنڈم کمیشن کا عملہ بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ پولنگ سے ایک دن قبل کینیڈا میں بھارت کے خلاف ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے ہردیپ سنگھ نجر کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
آزاد خالصتان ریلی میں سکھ مرد اور خواتین نے شرکت کی، شرکاء ریلی نے خالصتان اور کینیڈا کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء ’’دلی بنے گا خالصہ، لے کے رہیں گے خالصہ‘‘ کے نعرے لگارہے تھے۔
کونسل آف خالصتان کے سربراہ ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتوار کو سکھ ریکارڈ تعداد میں بھارت کیخلاف اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے فیصلہ سنائیں گے، ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے تحریک خالصتان میں نئی روح پھونک دی ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو