پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر لکھانی چیک پوسٹ کی اے پی سی پر آئی ای ڈی ڈیوائس سے حملہ کیا گیا، گھات دھماکے سے گاڑی کا گیٹ ٹوٹ گیا، ایک اہلکار زخمی ہوگیا، گھات لگائے دہشت گردوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے وہوا میں دہشت گردوں کا ساتواں حملہ ناکام بنادیا گیا، قائم لکھانی چیک پوسٹ کی اے پی سی کوٹ مبارک تل میں رود کوہی کے مقام پر دہشت گردوں کی جانب سے نصب آئی ای ڈی ڈیوائس سے ٹکرا گئی۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے سے اے پی سی کا گیٹ ٹوٹ گیا، ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوگیا، دھماکے کے بعد گھات لگائے دہشت گردوں نے پولیس پر فائرن کردی۔
ترجمان پولیس کے مطابق جوانوں کی فوری اور بھرپور جوابی فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمی اہلکار وسیم کو ٹانگ پر زخم آئے، حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیر قیادت کیو آر ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کا مکمل گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے، پنجاب پولیس دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے پرعزم ہے۔ آر پی او نے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر اپنے شہریوں کا تحفظ کریں گے۔
آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنیوالے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشتگردوں کو ہر محاذ پر شکست دیں گے، پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔