صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ توانائی اور پانی کا تحفظ پاکستان کےمستقبل کے لیے ناگزیر ہے،ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ پائیدار ترقی کے لیے فوری اورمؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نےارتھ آور اور عالمی یوم آب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور ماحولیاتی اقدامات کے عزم کی تجدید وقت کی ضرورت ہے۔ غیر ضروری لائٹس بند کرنا توانائی کی بچت اور کاربن اخراج میں کمی کے عزم کی علامت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے معیشت اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہیں، محفوظ مستقبل کے لیے بجلی اور ایندھن کی بچت کے ساتھ قابل تجدید توانائی کا فروغ بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے توانائی اور ایندھن بچانے والے آلات کے استعمال اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ پر زور دیا۔
صدر زرداری نےکہا کہ پاکستان میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نےآبی ذخائر کےتحفظ،پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ،ڈرپ ایریگیشن سسٹم، بارش کے پانی کو محفوظ اور پانی کے ضیاع کو روکنے پر زور دیا۔