لاہورمیں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی اعتکاف شہرِ اعتکاف 2025 کا آغاز ہو گیا ہے ہر سال کی طرح یہ روحانی اجتماع ہزاروں معتکفین کے لیے تزکیہ نفس، تصفیہ قلب، اصلاح احوال اور توبہ و آنسوؤں کی بستی ثابت ہوتا ہے۔
تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے معتکفین کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جانب سے خوش آمدید کہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ معتکفین کو 10 دن کے اعتکاف کے اکرام و احترام کی توفیق عطا فرمائے، زیادہ سے زیادہ عبادات کرنے اور اللہ کو راضی کرنے کی سعادت نصیب کرے۔
شہرِ اعتکاف 2025 میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کیا کریں گے، جن کا موضوع "عشقِ الٰہی اور لذتِ توحید "ہے۔ نماز تراویح کے بعد ان کے پہلے خطاب میں معتکفین کو اللہ تعالیٰ کی محبت، قرب اور توحید کی حقیقی لذت کے اسرار و رموز سکھائے جائیں گے۔
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے مطابق شہرِ اعتکاف میں ملک بھر اور بیرون ملک سے ہزاروں افراد شریک ہو رہے ہیں،جہاں وہ عبادت، دعا، ذکر و فکر اور روحانی تربیت میں مصروف رہیں گے اجتماعی دعا میں امت مسلمہ کی بھلائی، پاکستان کی ترقی اور عالمِ اسلام کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔