پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ توڑ اضافہ جاری ہے، جمعرات کو کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی بار 119,000 کی سطح عبور کرگیا تاہم اختتام پر کچھ کریکشن کے بعد ایک لاکھ 18 ہزار 769 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ سیشن کے دوران مثبت رجحان غالب رہا، جس کے باعث کے ایس ای-100 انڈیکس ایک موقع پر ایک لاکھ 19 ہزار 421 پوائنٹس کی ریکارڈ بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تاہم سیشن کے آخری لمحات میں منافع لینے کے رجحان نے مارکیٹ کے اضافے کو کچھ حد تک کم کردیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 795.75 پوائنٹس یا 0.67 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 769 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جو مارکیٹ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
جن شعبوں میں زیادہ کاروبار ہوا ان میں تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، پاور جنریشن اور ریفائنریز حبکو، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ، سوئی ناردرن گیس، سوئی سدرن گیس، ماری پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ شامل ہیں۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ جلد ہو جائے گا، اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے پرانے گردشی قرضے کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کمپنیوں کے کیش فلو میں مدد فراہم کریں گی۔
بدھ کے روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1,000 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 117,974.02 کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔
جمعرات کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کل تجارتی حجم 667.88 ملین شیئرز رہا، جو پچھلے سیشن کے 544.20 ملین کے مقابلے میں زیادہ تھا، شیئرز کی مجموعی مالیت 38.53 ارب روپے رہی، جو پچھلے سیشن کے 32.31 ارب روپے سے زیادہ تھی۔