جمعیت علماء اسلام ن کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم ایک عرصے سے علیل تھے اور مختلف بیماریوں سے نبرد آزمارہے ۔ حافظ حسین احمد ایک معروف پاکستانی سیاستدان، عالم دین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما تھے۔ وہ بلوچستان سے تعلق رکھتے تھے۔
وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں اور سیاسی معاملات میں اپنی دوٹوک رائے اور واضح مؤقف کے لیے جانے جاتے تھے۔ حافظ حسین احمد کا اندازِ بیان نہایت پراثر تھا اور وہ میڈیا پر بھی اپنی گفتگو کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے تھے۔
حافظ حسین احمد کی رحلت پر سیاسی اور مذہبی حلقوں نے گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کے سینئر رہنما، ممتاز سیاستدان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آئی پی پی اور وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے حافظ حسین احمد کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حسین احمد نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کیلئے سیاست کی، حافظ حسین کے انتقال سے قومی سیاست کا شاندار باب ختم ہوگیا، حافظ حسین احمدکی مذہبی وسیاسی خدمات کوتادیر یاد رکھا جائے گا۔