امریکا کے سابق نائب صدر مائیک پینس نے 2024 کی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ہفتے کو 2024 کی صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ میرا وقت نہیں ہے۔
اپنے بیان میں مائیک پینس کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ جانتے تھے کہ یہ ایک مشکل جنگ ہوگی لیکن انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں ہے۔
سابق نائب صدر کا کہنا تھا کہ میں اس مہم کو چھوڑ رہا ہوں لیکن میں قدامت پسند اقدار کی لڑائی کبھی نہیں چھوڑوں گا۔
مائیک پینس کی جانب سے صدارتی انتخابات کے لیے کسی دوسرے ریپبلکن امیدوار کی حمایت نہیں کی گئی۔
تاہم، انہوں نے امریکی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے رہنما کا انتخاب کریں جو قوم کو تہذیب کے ساتھ اور ان وقتی اصولوں کی طرف واپس لے جائے جنہوں نے امریکا کو ہمیشہ مضبوط بنایا ہے۔
خیال رہے کہ مائیک پینس کا صدارتی مہم سے دستبرداری کا فیصلہ 8 نومبر کو ہونے والے تیسرے صدارتی مباحثے سے کچھ روز پہلے سامنے آیا ہے۔