پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اِن کیمرہ بریفنگ اجلاس میں شرکت کا اعلان کر دیا۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کل قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اِن کیمرہ بریفنگ اجلاس میں ضرور شرکت کرے گی۔
بیرسٹر گرہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ سیاسی کمیٹی بھی آج رات اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، اس لیے پارٹی پہلے بریفنگ کو غور سے سنے گی اور اس کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی قومی سلامتی کے امور پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔