بھارتی ریاست اترپردیش میں ہولی کے تہوار کے موقع پر ہندو انتہاپسندوں کی شرپسندی کے پیشِ نظر حساس علاقوں میں مساجد اور مزارات کو ترپالوں سے ڈھانپ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران جمعہ کے روز ہولی کا تہوار شروع ہونے کے باعث ہندو، مسلم کشیدگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس کے نتیجے میں ضلع شاہجہاں پور میں 75 سے زائد مساجد اور مزارات کو ترپالوں سے ڈھک دیا گیا۔
ہولی کی تقریبات کے باعث سنبھل کی شاہی جامع مسجد سمیت ریاست کی متعدد مساجد میں نماز جمعہ کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی۔
جمعہ کے روز ضلع سنبھل اور دیگر حساس علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
مقامی انتظامیہ نے مسلمانوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاستی وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور سنبھل کے پولیس حکام نے مسلمانوں کے حوالے سے اشتعال انگیز بیانات دیے۔
انہوں نے جمعہ کی نماز گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہولی کے رنگوں سے اختلاف ہے تو مساجد جانے کی ضرورت نہیں۔