پاکستان سپر لیگ میں مزید دو ٹیمیں شامل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی کرانا چاہتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بتایا ہے کہ سال کے آخر تک ہمیں پی ایس ایل کیلئے مزید 2 مزید ٹیمیں مل سکتی ہیں۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا مزید کہنا تھا کہ لیگ کا آغاز ایسے وقت ہوا تھا جب پاکستان میں کرکٹ نہیں ہورہی تھی، اب ہمارا اگلا ہدف ان چار شہروں (لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان) کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی میچز کروانا ہیں، پی ایس ایل 2026ء کے میچز پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی کروائے جائیں گے۔
سی ای او پی ایس ایل نے یہ نہیں بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل ہونے والی مزید 2 ٹیمیں کون سی ہوں گی اور ان کے کیا نام ہوں گے۔
دوسری جانب پی سی بی کے مطابق 2025ء کے سیزن میں 8 اپریل کو پشاور پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی میزبانی کرے گا۔
پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، راولپنڈی کے میدان میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ سمیت 11 میچ کھیلے جائیں گے، قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کریگا جبکہ کراچی اور ملتان میں ایونٹ کے 5 پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پی ایس ایل میں فاٹا، حیدرآباد اور فیصل آباد کے ناموں سے ٹیموں کی شمولیت کی اطلاعات تھیں تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ بھی طے نہیں پایا تھا۔
واضح رہے کہ اس وقت پی ایس ایل میں 6 ٹیمیں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں اور مزید دو ٹیموں کی شمولیت کے بعد پی ایس ایل کی ٹیموں کی تعداد 8 ہوجائے گی۔