نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے ان افواہوں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سوزوکی آلٹو پر موٹر ویز پر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر ویز پولیس کے ترجمان نے نجی ویب سائٹ سے گفتگو میں صورتحال کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
یہ وضاحت سوشل میڈیا پر ان قیاس آرائیوں کے بعد کی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے آلٹو گاڑی کے موٹر ویز پر داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
یہ افواہ ایک حالیہ المناک حادثے کے بعد زور پکڑ گئی جس میں ایک آلٹو کو ایک 12 پہیوں والے ٹرک نے کچل دیا تھا، جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
اس واقعے نے سوشل میڈیا پر تیز رفتار ہائی ویز پر چھوٹی کاروں کی حفاظت کے بارے میں بحث چھیڑ دی۔ کچھ صارفین نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ حکام نے حفاظتی خدشات کی وجہ سے آلٹو کو موٹر ویز پر سفر سے روک دیا تھا۔
یہ افواہ بھی تیزی سے گردش کررہی تھی کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی سوزوکی آلٹو کو بند کردیا ہے۔
پاک وہیلز حکام کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی حکام نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جبکہ خود آلٹو کو بند نہیں کیا جارہا ہے، کمپنی ممکنہ طور پر آلٹو وی ایکس آر ویرینٹ کو مرحلہ وار ختم کر دے گی، جس میں اہم حفاظتی خصوصیات جیسے کہ ایئر بیگز اور اے بی اےس کا فقدان ہے۔
صارفین اب بھی آلٹو کے اپ گریڈ شدہ ورژن خرید سکیں گے، جو ڈوئل ایئر بیگز، اے بی ایس اور آئی ایس او فکس چائلڈ سیٹ اینکرز سے لیس ہیں۔
اس سے قبل پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے 11 مارچ کو اپنی ویگن آر ہیچ بیک کے تمام ویریئنٹس کی بکنگ کو مستقل طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ڈیلرز کو ایک باضابطہ مواصلت میں، کمپنی نے کہا کہ فیصلہ تمام قسموں پر لاگو ہوتا ہے۔ اس نے سیلز ٹیموں کو مشورہ دیا کہ وہ اس کے مطابق ممکنہ گاہکوں کو مطلع کریں۔