کالعدم لشکر اسلام کے بانی مفتی منیر شاکر پشاور کے نواحی علاقہ ارمڑ میں بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے، ان کے ہمراہ مسجد میں موجود دیگر 3 افراد شدید زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے بانی مفتی منیر شاکر پشاور کے نواحی علاقہ ارمڑ میں نماز عصر پڑھ کر نکل رہے تھے کہ وہاں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر اور تین دیگر نمازی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں لوگوں نے اسپتال منتقل کیا تاہم مفتی منیر شاکر جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ دیا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے تصدیق کی کہ تھانہ ارمڑ کی حدود میں دھماکے میں زخمی ہونے والے مفتی منیر شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
رپورٹ کے مطابق مفتی منیر شاکر اپنے انتہاء پسند عقائد کیلئے مشہور تھے، جن کا اظہار وہ پہلے پہل اپنے ایف ایم ریڈیو پر کرتے تھے، ان کے ساتھ کالعدم تنظیم میں موجود منگل باغ لشکر اسلام کے موجودہ سربراہ ہیں۔
مفتی منیر شاکر نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر اپنے عقائد کا اظہار اور مخالفین کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا۔