سپریم کورٹ میں مقدمات کو ترجیحات کے مطابق مقررکرنے کی پالیسی طے کرلی گئی۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے سات نکاتی پالیسی کی منظوری دے دی۔
پالیسی کے مطابق جلد فیصلے کے متقاضی مقدمات کو ترجیح دی جائے گی۔ ٹیکس اور انتخابی تنازعات کے مقدمات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے گا۔ ضمانت کے مقدمات کی بھی ترجیحی بنیادوں پر سماعت ہوگی۔
اسی طرح دس سال تک سزا کے فوجداری مقدمات بھی ترجیحی بنیادوں پر مقرر کیے جائیں گے۔ ایک ہی فیصلے کے خلاف متعدد درخواستوں والے مقدمات بھی ترجیح بنیاد پر سنے جائیں گے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ میں پورےمہینے کی عبوری کاز لسٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،اور ہر ہفتے دائر اور نمٹائے گئے مقدمات کے اعدادوشمار بھی جاری کیے جائیں گے ۔
عدالت عظمیٰ کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات میں وکلا نمائندوں نے چار ہفتوں کی کازلسٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ انہیں کیسز کی تیاری کیلئے مناسب وقت مل سکے ۔ چار ہفتوں کی مجوزہ کاز لسٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔