وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بولان واقعہ جیسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ان کی وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلی فون پر بات ہوئی، جنہوں نے انہیں بولان میں پیش آنے والے واقعے کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔