صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس حوالے سے جاری اپنے خصوصی بیان میں صدر مملکت آصف زرداری نے آپریشن کے دوران 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ موثر کاروائی میں 33 دہشت گرد ہلاک کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے شہریوں اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور جامِ شہادت نوش کرنے پر 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت کی جانب سے آپریشن جعفر ایکسپریس کے شہداء کیلئے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے بلوچستان میں قیامِ امن اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اظہار ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی تمام یرغمال مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اپنے خصوصی بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خواتین اور بچوں کی جانیں بچانے کیلئے انتہائی احتیاط سے کام لیا۔
محسن نقوی نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 21 مسافروں کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا جبکہ شہید ہونے والے ایف سی کے 4 جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں جبکہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے اور ہر شہری افسردہ اور رنجیدہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانا انتہائی غیر انسانی عمل ہے۔