کہاوت مشہور ہے کہ "جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے"، اور کچھ ایسا ہی واقعہ حال ہی میں امریکہ میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو حادثے کے 6 دن بعد گاڑی کے اندر زندہ حالت میں پایا گیا، یہ حیران کن واقعہ امریکی ریاست انڈیانا میں رونما ہوا۔
41 سالہ بریونا کاسیل گزشتہ ہفتے اپنی والدہ کے گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئی تھیں، وہ اپنے ایک دوست سے ملنے کے ارادے سے نکلی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے انہیں نیند آگئی جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی سڑک سے ہٹ کر ایک قصبے کے قریب گہری کھائی میں جا گری۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی جس جگہ پھنسی وہ سڑک پر گزرنے والی ٹریفک سے کافی فاصلے پر تھی اور اسی وجہ سے ان کی مدد کی پکار کو کسی نے نہ سنا۔
بریونا کے والدین نے بتایا کہ حادثے کے بعد شدید چوٹوں کی وجہ سے ان کے لیے اپنی ٹانگیں ہلانا ناممکن ہوگیا تھا، ان کا موبائل فون بھی بیٹری ختم ہونے کی وجہ سے بند ہوچکا تھا لیکن انہوں نے اپنے سویٹر کی مدد سے قریبی جگہ سے پانی جمع کیا اور اسی طرح زندہ رہنے کی کوشش کی۔
والدین کے مطابق وہ شدید درد میں مبتلا تھیں اور مدد کے لیے مسلسل چیختی رہیں۔
خوش قسمتی سے ایک راہ گیر جونی مارٹینز نے انہیں دریافت کیا جو اس علاقے میں ڈرینج کے آلات پر کام کر رہے تھے، انہوں نے گاڑی کو دیکھا اور فوراً اپنے سپروائزر جرمی وینڈر سے رابطہ کیا جو ایک قریبی قصبے کے فائر چیف بھی تھے۔
دونوں نے مل کر گاڑی تک رسائی حاصل کی اور بریونا کو زندہ حالت میں پایا۔
پولیس نے بتایا کہ چوٹوں کے باوجود بریونا کاسیل 6 دن تک موت سے لڑتی رہیں اور مدد کے انتظار میں ڈٹی رہیں۔
انہیں گاڑی سے نکالنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے شکاگو کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں اور جلد ہی ان کا آپریشن بھی متوقع ہے۔