سندھ حکومت نے نوکری پیشہ خواتین اور طالبات کو مفت ای وی بائیکس دینے کا اعلان کردیا۔ شرجیل میمن کہتے ہیں کہ سندھ کی جانب سے پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز شروع کی گئیں، سندھ میں سرمایہ کاری کیلئے بہت شعبے ہیں، برطانوی بزنس مین یہاں سرمایہ کاری کریں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر نے ملاقات کی، ملاقات میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن بھی موجود رہے۔ شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو سندھی اجرک اور ٹوپی بھی پیش کیں۔
شرجیل میمن نے اس موقع پر کہا کہ صحت، ہاؤسنگ، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے، حکومت سندھ کی جانب سے پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز شروع کی گئیں۔ سندھ میں سرمایہ کاری کیلئے بہت شعبے ہیں، چاہتے ہیں کہ برطانوی سرمایہ کار سندھ میں سرمایہ کاری کریں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے الیکٹرک بائیکس کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا ہے، نوکری پیشہ خواتین اور طالبات کو مفت ای وی بائیکس دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے جو کام ہورہا ہے، وہ قابل ستائش ہے، مستقبل میں مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی جیسے طبی مراکز عالمی معیار کی سہولیات فراہم کررہے ہیں، سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ جاری ہے، منصوبے کے تحت 21 لاکھ مکانات سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر کیے جارہے ہیں۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر نے حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے جو کام ہورہا ہے، وہ قابل ستائش ہے، مستقبل میں مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔