وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے جعفر ایکسپریس سانحہ کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کیا ہے۔
اپنے حالیہ ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں بلوچستان میں آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور آپریشن کے دوران 33 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تاہم آپریشن سے پہلے 21 مسافر شہید ہوئے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ آپریشن میں ایئرفورس کے جوانوں نے بھی حصہ لیا اور خودکش بمباروں کو پہلے ٹارگٹ کیا گیا جبکہ خودکش بمباروں کی ہلاکت کے بعد مسافروں کو بھاگنے کا موقع ملا اور پاک فوج نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے کامیاب آپریشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے واقعے کو سیاست چمکانے کیلئے استعمال کیا اور پی ٹی آئی بھارتی میڈیا کی زبان بول رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ، پاک فوج ، ایف سی اور دیگر اداروں کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اس طرح کے واقعات کرے، پی ٹی آئی، کالعدم بی ایل اے اور انڈین میڈیا نے یہ کھیل کھیلا جبکہ پی ٹی آئی قومی مفاد کے خلاف بیانیہ بنا رہی تھی۔
عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران بڑے جانی نقصان سے بچ گئے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز ، پاک فوج اور دیگر ادارے متحرک ہیں، دہشت گردی کے خلاف وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت سب کا غیرمتزلزل عزم ہے، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے فون پر بات ہوئی ہے اور وزیراعظم کل بلوچستان جائیں گے وہاں لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔