ملالہ یوسفزئی نے بنوں سمیت حالیہ دنوں میں ہونیوالے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں دل دہلا دینے والا قرار دیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں، میں وطن کے ہر فرد کی سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔
نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے ضلع شانگلہ کا ایک روزہ دورہ کیا اور اپنے آبائی گاؤں برکانہ شاہ پور میں خاندان والوں اور اپنے نام سے منسوب اسکول میں بچوں سے ملاقات کی۔
ملالہ یوسفزئی اپنے والد ضیاء الدین یوسفزئی اور والدہ تورپیکئی کے ساتھ سخت سیکیورٹی انتظامات میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد سے اپنے گاؤں پہنچیں، ملالہ یوسفزئی کی آمد پر ان کے خاندان اور اسکول کے بچوں نے شاندار استقبال کیا، جہاں انہوں نے اپنے آبائی گاؤں میں رشتہ داروں سے ملاقاتیں کیں، ملالہ نے اپنے پرانے گھر کا بھی دورہ کیا اور وہاں کچھ وقت گزارا۔
نوبل ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی نے یتیم اور غریب بچیوں کیلئے تعمیر شدہ ملالہ یوسفزئی اسکول کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے اسکول کی طالبات سے ملاقات کی اور تقریب میں شریک ہوئیں، بعد ازاں وہ واپس اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئیں۔
ملالہ یوسفزئی نے ایکس پر اپنے بیان میں بنوں سمیت دیگر علاقوں میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے خوبصورت ملک کے ہر کونے میں امن کی دعا کرتی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بنوں اور حالیہ دنوں میں ہونیوالے حملے دل دہلا دینے والے ہیں، میں متاثرین اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتی ہوں، میں وطن کے ہر فرد کی سلامتی کیلئے دعا کرتی ہوں۔