پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سخت ری ایکشن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وکلاء، رفقاء اور خاندان کے افراد کو بلا رکاوٹ ملاقاتوں کی اجازت دی جائے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے پشاور سول سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہفتہ وار ملاقاتوں کی اجازت نہ دی گئی تو اس کا سخت ری ایکشن ہوسکتا ہے، بانی کا جیل میں ریگولر چیک اپ کرایا جائے، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور خاندان کے افراد کو جیل میں ملاقات سے نہ روکا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ 6 ماہ میں صرف ایک بار سیاسی ملاقات کی اجازت دی گئی، بانی پی ٹی آئی کتابیں مانگتے ہیں تو اسے بھی روک لیا جاتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے وزیراعظم کے 5 ہزار روپے رمضان پیکیج کو مہنگائی کے تناسب سے انتہائی کم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ڈبل تو خیبرپختونخوا حکومت کا 10 ہزار روپے کا پیکیج ہے۔